پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے معاوضہ 8 لاکھ سے کم کرکے 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردیا۔
جسٹس محمد فہیم ولی نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلے میں ریفرنس کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ زرعی اراضی کو ترقی یافتہ ٹاؤن شپ کی زمین کے برابر قرار دے کر معاوضہ مقرر نہیں کیا جاسکتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اراضی کے معاوضے میں اضافے کا دعویٰ کرنے والے مالکان پر ٹھوس اور قابل اعتماد شواہد پیش کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
شمالی پشاور رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے تقریباً 23 کنال اراضی حاصل کی گئی تھی۔ 2012 کے ایوارڈ میں معاوضہ 82 ہزار 380 روپے فی مرلہ مقرر تھا، جبکہ ریفرنس کورٹ نے 2022 میں اسے بڑھا کر 8 لاکھ روپے فی مرلہ کردیا تھا۔
ہائیکورٹ نے ریفرنس کورٹ کا فیصلہ ختم کرتے ہوئے معاوضہ 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردیا۔
