حسن خیل پولیس اسٹیشن پر کواڈ کاپٹر سے حملہ، بم شیل نہ پھٹ سکا؛ بم ڈسپوزل یونٹ طلب
پشاور: خیبرپختونخوا کے علاقے حسن خیل میں پولیس اسٹیشن کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ پولیس حکام کے مطابق حفاظتی جال نصب ہونے کے باعث بم شیل پھٹ نہیں سکا۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق کواڈ کاپٹر کے ذریعے پولیس اسٹیشن کی جانب بم شیل پھینکا گیا، تاہم وہاں نصب حفاظتی جال نے اسے مؤثر انداز میں روک لیا اور دھماکا نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا گیا تاکہ بم شیل کا معائنہ کرکے اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون حملوں کے خدشات کے پیش نظر تقریباً ایک ماہ قبل مختلف تھانوں اور چیک پوسٹوں پر لوہے کے حفاظتی جال نصب کرنے کا اقدام شروع کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ان حفاظتی انتظامات کا مقصد کواڈ کاپٹر یا ڈرون کے ذریعے پھینکے جانے والے دھماکا خیز مواد سے ممکنہ نقصان کو کم کرنا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے۔
