پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج، جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیموں میں مذاکرات متوقع
اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بات چیت کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران دونوں فریقین کی مذاکراتی ٹیموں کی ملاقات متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان بھی رواں ہفتے ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے سے متعلق امور زیر بحث آنے کی توقع ہے۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے واضح ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اور حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات کے دوران ٹھوس ریلیف نہ ملنے کی صورت میں احتجاجی لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لانگ مارچ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع کیا جا سکتا ہے۔
جماعت اسلامی کے مطابق حکومت سے مزید مذاکرات اسی صورت میں آگے بڑھیں گے جب عوام کو واضح اور ٹھوس ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
