ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت بھی بڑھا دی ہے، جس کے باعث ہوائی سفر مزید مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 40 روپے 35 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 291 روپے 55 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کے باعث ہوائی ایندھن مہنگا ہوا ہے، جس سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں فضائی کرایوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 53 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں کے مسلسل اتار چڑھاؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
