پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد جانے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
کور کمیٹی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتی فیصلہ خلاف آنے یا گرفتاریوں کی صورت میں بھی 27 ستمبر کو اسلام آباد جانے کا پروگرام برقرار رہے گا۔
اجلاس میں مارچ کو روکنے کے لیے عدالت میں دائر درخواست اور اس کے قانونی پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ سلمان اکرم راجا نے قانونی صورتحال سے متعلق ارکان کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ اور اسلام آباد کو بند کرنے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کور کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں بھی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم مارچ روکنے کا اختیار بانی چیئرمین کے پاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریوں اور اسلام آباد کی ممکنہ بندش کی صورت میں مختلف پلانز بھی تیار کیے گئے ہیں۔
مزید برآں ارکان اسمبلی سے مارچ کے لیے فنڈز طلب کرلیے گئے ہیں اور انہیں فوری طور پر فنڈز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
