چترال کے علاقے اپر چترال میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں خانپور ہزارہ سے تعلق رکھنے والے معروف پیراگلائیڈر آصف محمود جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آصف محمود ریٹائرڈ نیوی کمانڈو، ماہر غوطہ خور اور تجربہ کار پیراگلائیڈنگ پائلٹ تھے۔ وہ بونی کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئے۔
ذرائع کے مطابق آصف محمود گزشتہ روز تقریباً دوپہر 2 بجے پیراگلائیڈنگ کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
طویل تلاش کے بعد آج اپر چترال کے علاقے بونی کی پہاڑیوں سے آصف محمود کی لاش برآمد کرلی گئی۔
آصف محمود واہ کینٹ میں رہائش پذیر تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق خانپور ڈیم، ہزارہ سے بتایا جاتا ہے۔
