کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات کے نتیجے میں دو بچیوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد کے واحد کالونی، اقراء یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے 56 سالہ شخص زخمی ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں ساڑھے 5 نمبر مین چوک کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو ذاتی رنجش کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
دوسری جانب کورنگی کے ناصر جمپ ایریا میں ایک گھر کے قریب پراسرار فائرنگ کے باعث دو کم عمر بچیوں سمیت تین خواتین زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق بظاہر یہ افراد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کی زد میں آئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے مختلف واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعات کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔
