پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھائیں گے، ٹرانسپورٹرز
کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرائے بڑھانے اور دوبارہ ہڑتال کرنے کا عندیہ دے دیا۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایندھن کی قیمتیں مزید بڑھائی گئیں تو ٹرانسپورٹرز اپنے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے اور کئی افراد کے لیے روزگار برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ٹرانسپورٹرز کے لیے قابل قبول نہیں، اس لیے اسے واپس لیا جانا چاہیے۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ اگست میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ ان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے فیصلوں کے خلاف اس سے قبل دسمبر اور اگست میں بھی ملک گیر احتجاج کیا جاچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی یقین دہانیوں کے بعد اگست کی ہڑتال کو 40 روز کے لیے مؤخر کیا گیا تھا، تاہم یہ مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے والی ہے۔ اگر اس دوران حکومتوں کی جانب سے کیے گئے معاہدوں اور وعدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور دسمبر و اگست کی ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ممکن نہیں تو ٹرانسپورٹرز کو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر محصولات میں ریلیف دیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی لاگت کا کچھ بوجھ کم ہوسکے۔
