مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیاں، کم از کم 48 فلسطینی حراست میں
مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کم از کم 48 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کی اطلاعات ہیں۔
فلسطینی سرکاری ریڈیو کے مطابق نابلس کے مغرب میں واقع قصبہ طیل میں جاری آپریشن کے دوران 40 سے زائد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے قصبے کے ایک رہائشی مکان کو اپنے کنٹرول میں لے کر اسے عارضی تفتیشی مرکز کے طور پر استعمال کیا، جبکہ علاقے کا محاصرہ کرکے متعدد گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران قصبے میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے اور کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے مقبوضہ مغربی کنارے سے متعلق سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
نوٹ: اس خبر میں گرفتاریوں اور کارروائیوں سے متعلق معلومات فلسطینی سرکاری ذرائع پر مبنی ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی حکام کا مؤقف اس خبر میں شامل نہیں ہے۔
