تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں فائرنگ، پولیس اہلکار محفوظ رہے
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں زیرِ حراست ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جانے والی پولیس ٹیم پر اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ملزم ابراہیم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ٹیم ملزم کے انکشاف اور نشاندہی پر برآمدگی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں چھپے اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کی غرض سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ایک خاتون سے اسلحے کے زور پر زیورات چھیننے کی واردات میں بھی ملوث ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے درجنوں مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اسلام آباد و راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہیں۔
