اسماعیل خان(ڈسٹرکٹ نیوز)ایوان زراعت ڈیرہ کے ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سے ملاقات کرکے چشمہ رائٹ بینک کینال میں پانی کی شدید قلت، پانی چوری اور نہری نظام میں موجود بے ضابطگیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفد میں کی قیادت ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ نے کی ،وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال میں پانی کی مسلسل کمی کی بڑی وجوہات نہر کی غربی جانب پانی کی مبینہ چوری، غیر قانونی موگوں کی موجودگی اور مختلف ڈسٹریوں میں قائم غیر قانونی رکاوٹیں ہیں، جن کے باعث نہر کے آخری حصوں تک پانی کی منصفانہ فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔وفد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے، جو ایک مثبت اقدام ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس آپریشن کو مزید مثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غیر قانونی واٹر کورسز، موگوں اور رکاوٹوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ایوان زراعت کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی بااثر فرد کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور کسانوں کو ان کا جائز پانی بروقت مل سکے۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کی قلت کے باعث ضلع بھر میں زرعی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، خصوصا چاول، گنا اور دیگر موسمی فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نہری نظام کو غیر قانونی مداخلت سے پاک نہ کیا گیا تو زرعی پیداوار مزید متاثر ہوگی اور کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ نہری پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید موثر بنائی جائے گی تاکہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔