اسلام آباد: ملک میں بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔
نیپرا کے مطابق درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔
سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ مقامی کوئلے سے بجلی بنانے پر 7 ارب 95 کروڑ روپے، درآمدی کوئلے پر 37 ارب 14 کروڑ روپے، ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے لاگت آئی۔
اسی طرح مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی کے ذریعے بجلی بنانے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
سی پی پی اے کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔ نیپرا کی جانب سے درخواست کا جائزہ لینے اور سماعت مکمل ہونے کے بعد ممکنہ اضافے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
