بحیرۂ عرب میں بجلی کے جھٹکے پیدا کرنے والی مچھلی کی نئی نوع دریافت
سائنس دانوں نے بحیرۂ عرب کی گہرائیوں میں بجلی کے جھٹکے پیدا کرنے والی مچھلی کی ایک نئی نوع دریافت کی ہے، جسے ’ٹیٹرونارسی رامان مورتی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مچھلی بحیرۂ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں پائی گئی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ شمالی بحرِ ہند میں ٹیٹرونارسی نسل کی یہ پہلی تصدیق شدہ دریافت ہے۔
نئی دریافت ہونے والی مچھلی کی پشت گہرے سیاہ یا بھورے رنگ کی ہے، جبکہ اس کے جسم کی چوڑائی لمبائی کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے بھی اس کی منفرد خصوصیات کی تصدیق کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نسل کی مچھلیاں شکار کو بے حرکت کرنے اور اپنے دشمنوں سے بچنے کے لیے برقی جھٹکے پیدا کرتی ہیں۔ بعض اقسام میں ان جھٹکوں کی شدت 220 وولٹ تک پہنچ سکتی ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت سمندر کی گہرائیوں میں موجود حیاتیاتی تنوع کو سمجھنے اور نئی آبی انواع کے مطالعے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
