کوئٹہ: بلوچستان میں ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے مختلف اضلاع کے لیے آئندہ 12 گھنٹوں کا موسمی الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، کنگری، رکھنی، کوہلو اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے اور حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ تیز ہواؤں کے نتیجے میں کمزور عمارتوں، درختوں، سائن بورڈز اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بعض متاثرہ علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی میں خلل بھی آسکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں کو حساس مقامات، شاہراہوں، نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں، ضروری مشینری اور دیگر ہنگامی وسائل کو بھی تیار رکھنے کا کہا گیا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور بجلی کے کھمبوں، درختوں، بل بورڈز اور خستہ حال تعمیرات سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
پی ڈی ایم اے نے خاص طور پر شہریوں کو نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں جانے سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
