کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز 26 اکتوبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کردیا۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتا لگانے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کا سراغ لگا کر خطرات کا خاتمہ کیا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اس مہم کا مقصد ملک میں بیرونی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔
