کانپور: بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ جڑواں انجن اور چار نشستوں پر مشتمل تھا۔ اس میں ایک تربیتی پائلٹ اور ایک انسٹرکٹر موجود تھے۔
حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے سچن بھاٹیہ اور کرناٹک کے ابھیشیک پجاری کے نام سے کی ہے۔ دونوں نے جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے کانپور کے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے پرواز بھری تھی۔
پولیس کے مطابق طیارہ تقریباً 20 منٹ بعد ٹریننگ سینٹر کی جانب واپس آ رہا تھا کہ دریائے گنگا کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز کے دوران طیارے کا توازن بگڑنے سے حادثہ پیش آیا، تاہم حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبہ اور دیگر اہم شواہد محفوظ کرلیے گئے۔
جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی تصاویر میں طیارہ بری طرح تباہ دکھائی دیا، جبکہ اس کے پرزے اور دھاتی حصے اردگرد بکھرے ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق یہ طیارہ 2023 میں ٹریننگ سینٹر میں شامل کیا گیا تھا۔ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
