امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مبینہ طور پر نجی گفتگو کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی ایران سے متعلق پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جے ڈی وینس نے نجی محفلوں میں نیتن یاہو کی حکمت عملی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایران کے معاملے میں مسلسل غلط فیصلے کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق نائب صدر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مشورہ دیا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس نے خبردار کیا کہ ایران جنگ امریکی عوام میں مقبول نہیں اور اس کے منفی اثرات ری پبلکن پارٹی کی سیاسی پوزیشن کو کمزور کرسکتے ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جنگ کے باعث ری پبلکنز کو وسط مدتی انتخابات میں نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے اور کانگریس میں اپنی برتری برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔
یہ اختلافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کے ساتھ جنگ کے سیاسی اور معاشی اثرات امریکی سیاست میں اہم بحث بن چکے ہیں۔
تاہم ایگزیوس کی رپورٹ میں سامنے آنے والے یہ تبصرے نجی گفتگو سے متعلق ذرائع کے دعووں پر مبنی ہیں اور جے ڈی وینس کی جانب سے ان کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی
