حوالدار آصف کی خبر بھارت کو ناگوار؟ ڈسٹرکٹ نیوز بھی پابندیوں کی زد میں آ گیا!
اسلام آباد( ڈسٹرکٹ نیوز ) پاکستانی نیوز پلیٹ فارم ڈسٹرکٹ نیوز بھی بھارتی پابندیوں کی زد میں آ گیا۔ ڈسٹرکٹ نیوز کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ہفتے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، جنہیں بھارتی فوج نے مبینہ طور پر ایک مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔یکم اکتوبر کو ہونے والی پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ بھارتی حکام اور میڈیا نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ محمد آصف، جنہیں ہاشم موسیٰ کے نام سے بھی منسوب کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں ایک کارروائی کے دوران مارے گئے ہیں۔ تاہم، پریس کانفرنس میں محمد آصف کی موجودگی نے بھارتی دعوے پر سوالات کھڑے کر دیے۔ ڈسٹرکٹ نیوز کے مطابق اس اہم پیش رفت اور پریس کانفرنس سے متعلق خبر روز ڈسٹرکٹ نیوز اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیے جانے کے بعد ڈسٹرکٹ نیوز کو بھی مبینہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گوگل اور فیس بک کی جانب سے اسے پابندیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ نیوز کا مؤقف ہے کہ پاکستانی نیوز چینلز، اخبارات اور ویب سائٹس کی طرح اس کے پلیٹ فارم کی رسائی بھی متاثر ہوئی ہے۔یہ معاملہ ڈیجیٹل میڈیا کی آزادی، خبروں کی رسائی اور سرحد پار اطلاعات کی ترسیل کے حوالے سے اہم سوالات اٹھاتا ہے۔ اگر کسی خبر یا صحافتی مواد پر پابندی عائد کی گئی ہے تو اس کی وجوہات اور متعلقہ شواہد سامنے آنا ضروری ہیں۔ڈسٹرکٹ نیوز اس معاملے کو آزادیٔ صحافت اور عوام تک خبروں کی رسائی کے تناظر میں دیکھتا ہے۔ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
