اسلام آباد: حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان قانون سازی سمیت مختلف معاملات پر جاری اختلافات ختم کرنے کی کوششیں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ دونوں فریقین کے درمیان معاملات میں پیش رفت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات اور رابطوں کے لیے مکمل اختیار دیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں جانب سے رابطوں میں بہتری آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بھی قانون سازی کے معاملے پر اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرنے پر آمادہ ہوگئی ہے، جبکہ اختلافی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مزید مشاورت جاری ہے۔
حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں قانون سازی سے متعلق معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
