اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر صورت روکنا ہوگا، جبکہ حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کا عمل جاری رہے۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔
امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے دونوں علاقوں کے عوام کی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کو مشروط مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ احتجاج اور دھرنے ختم کیے جائیں، حکومت کے دروازے مذاکرات کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ احتجاجی سرگرمیاں جاری رہنے کی صورت میں مذاکراتی عمل آگے بڑھانا مشکل ہوگا اور دھرنوں کے باعث ملکی معیشت، برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
