خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی چیلنج، وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر
اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
محمد یوسف جاوید ایڈووکیٹ نے درخواست میں 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے ہنگامی حالت کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔ وفاق، صدر پاکستان، گورنر خیبر پختونخوا، حکومت خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ہنگامی حالت کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بھی آئین کے تابع ہیں اور ان کا عدالتی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ فریقین کو ایمرجنسی اور گورنر راج کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی ہدایت کی جائے۔
