درگ (ڈسٹرکٹ نیوز ) بلوچستان کے ضلع موسی خیل کی تحصیل درگ کے علاقہ میں پنجاب بارڈر سے منسلک پولیس تھانہ پیر لال شاہ کرکنہ کی حدود میں
سمگلنگ کا مال لے جانیوالی گاڑیاں پکڑنے کے تنازع پر ملزمان نے پولیس اہلکار کے گھر پر حملہ کر دیا جس میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید ایک زخمی ہو گیا جبکہ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ملزم رشید گاڑھا قیصرانی اور امین گاڑھا قیصرانی نے اپنے 15 مسلح ساتھیوں کے ہمراہ گزشتہ رات ایک بجے کے قریب پولیس اہلکار فرقان جعفر گھر پر حملہ کردیا۔ خونریز تصادم اور دو طرفہ فائرنگ میں جعفر قبیلے سے تعلق رکھنے والے ماسٹر شیر محمد اسپانی جعفر اور پولیس اہلکار فرقان جعفر شہید جبکہ عزیز ولد لال محمد شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے تونسہ منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں پکڑنے کا تنازع بتایا جا رہا ہے۔ مبینہ طور پر رشید قیصرانی عرف گاڑھا نے اپنے ساتھیوں سمیت گھر پر حملہ کیا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعے کے دوران حملہ آوروں میں سے بھی ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ واقعے کے بعد شہداء کی میتیں پوسٹ مارٹم کے لیے موسیٰ خیل منتقل کر دی گئیں۔
شہداء کی نمازِ جنازہ آج شام 6 بجے پیر لال شاہ کے قریب ادا کی جائے گی۔
واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور حقائق سامنے لانے کے لیے پولیس کی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
