راولاکوٹ: آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کے بعد راولاکوٹ میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے دوران ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایک کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے کارکنوں نے راولاکوٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بعد ازاں راولاکوٹ کے نواحی علاقے میں مشتعل افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے دوران رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہوگئے۔
پرتشدد کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ مظاہرین نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔
راولاکوٹ پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کشیدہ صورتحال کے باوجود تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاکہ حالات کو مزید خراب ہونے سے روکا جا سکے۔
پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پرتشدد عناصر نے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے آتش زنی، تشدد اور سرکاری املاک پر حملوں کا راستہ اختیار کیا، تاہم ریاستی ادارے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے، تشدد یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی کہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔