کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر پوری قوم کا خراجِ عقیدتراولپنڈی ( ڈسٹرکٹ نیوز ) کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشانِ حیدر کے 27ویں یوم شہادت پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف نے عظیم قومی ہیرو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 1999 کی کارگل جنگ میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے انتہائی نامساعد حالات میں بے مثال جرات، غیر معمولی قیادت اور وطن سے لازوال محبت کا مظاہرہ کیا۔ وہ اگلے مورچوں پر اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے اور ہمیشہ کے لیے بہادری، ایثار اور قربانی کی روشن مثال بن گئے۔بیان میں کہا گیا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی آج بھی پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے جذبۂ حب الوطنی، استقامت اور وطن کے دفاع کے عزم کی ایک روشن علامت ہے۔پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔* * ڈسٹرکٹ نیوز دیہات سے گلوبل نیوز تک *