لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کو ریاست اور مسلح افواج کے خلاف مبینہ مہم چلانے کے الزام میں درج مقدمے میں ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت دے دی۔ عدالت نے انہیں ایک ہفتے کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو اس مدت کے دوران انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کے خلاف پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ان پر ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد متاثر کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔