سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ زیتون کے تیل کی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفائیڈ کرنے سے مقامی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور انہیں ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جس سے زیتون کے کاشتکاروں کی آمدن اور معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔وہ محکمہ زراعت پشاور کے کمیٹی روم میں محکمہ زراعت کے سرٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں زیتون کے تیل کے تین پراسیسنگ یونٹس کو بین الاقوامی فوڈ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم آئی ایس او 22000 کے سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ تقریب کے دوران زائیکور اولیو آئل پشاور، تیمرگرہ آئل ایکسٹریکشن لوئر دیر اور تالاش اولیو آئل لوئر دیر کو سرٹیفکیٹس دیے گئے۔سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا کہ پراسیسنگ، پیکیجنگ اور تقسیم کے نظام کی بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفیکیشن خیبرپختونخوا میں زیتون کے شعبے کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار پر پورا اترنے والی مصنوعات نہ صرف اعلیٰ معیار کی ملکی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں گی بلکہ برآمدی منڈیوں میں بھی جگہ بنانے کے امکانات پیدا ہوں گے۔انہوں نے سرٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت محکمہ زراعت توسیع، محکمہ زراعت تحقیق اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران و اہلکاروں کی آئی ایس او 22000 لیڈ آڈیٹر کورس CQI-IRCA کی کامیاب تکمیل کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیت یافتہ سرکاری آڈیٹرز کی دستیابی سے فارم اور پراسیسر کی سطح پر کوالٹی مینجمنٹ سسٹمز کے اندرونی آڈٹ اور معیار کی جانچ کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور سرٹیفیکیشن کے نظام کو مقامی سطح پر پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔سیکرٹری زراعت نے سرٹیفیکیشن پراجیکٹ کی جانب سے سرکاری محکموں، کاشتکاروں اور زرعی مصنوعات کے پراسیسرز کی استعداد کار بڑھانے اور جامع کوالٹی ایشورنس فریم ورک کے قیام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ و پراجیکٹ ڈائریکٹر نجمُ السحر ، ایگریکلچر سرٹیفیکیشن پراجیکٹ کے کوآرڈینیٹر سید عمران شاہ نے شرکائ کو منصوبے کے مقاصد، اقدامات اور کامیابیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت زرعی مصنوعات کی سرٹیفیکیشن، معیار میں بہتری اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں سے روابط کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سرٹیفائیڈ اولیو آئل پروسیسنگ یونٹس کے نمائندگان نے سرٹیفیکیشن پراجیکٹ کی جانب سے تکنیکی استعداد بڑھانے اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے لیے فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں زیتون کے شعبے کو مزید فروغ دینے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
