کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سائوتھ ایئر کو نجی ایئر فیلڈز سے کمرشل پروازیں چلانے کی اجازت واپس لے لی ہے اور اس حوالے سے کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
سی اے اے کے مطابق تلہار اور سیندک میں واقع جوزک ایئر فیلڈ پر کمرشل فلائٹ آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی، کیونکہ موجودہ قوانین کے تحت نجی ایئر فیلڈز سے باقاعدہ تجارتی پروازیں نہیں چلائی جا سکتیں۔
اتھارٹی نے سائوتھ ایئر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ایئر فیلڈز سے کمرشل پروازیں فوری طور پر بند کرے، بصورت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
سی اے اے نے واضح کیا کہ اگر کسی نجی ایئر فیلڈ سے کمرشل یا چارٹر پروازیں چلانا مقصود ہو تو اس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باقاعدہ چارٹر لائسنس اور ضروری منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگی۔
حکام کے مطابق ان ہدایات کی روشنی میں تلہار اور جوزک ایئر فیلڈ پر سائوتھ ایئر کے فلائٹ آپریشن کی سابقہ اجازت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔