کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ جعلی سعودی ویزے پر بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافر احمد علی، جو لاڑکانہ کے رہائشی ہیں، کی سفری دستاویزات مشکوک معلوم ہونے پر انہیں مزید جانچ کے لیے روک لیا گیا۔
تفصیلی جانچ میں پیش کیا گیا سعودی پیپر ویزا مبینہ طور پر جعلی پایا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ویزے پر درج متحدہ عرب امارات کے ریزیڈنس ویزا نمبر کی جگہ مسافر کا پاکستانی قومی شناختی کارڈ نمبر درج تھا، جبکہ ویزے پر درج میعاد ختم ہونے کی تاریخ بھی شناختی کارڈ کی ایکسپائری تاریخ سے مطابقت رکھتی تھی۔
حکام کے مطابق ویزے پر درج نمبر کا فارمیٹ بھی سعودی ویزوں کے مقررہ معیار سے مختلف تھا، جس سے دستاویز کے مشتبہ ہونے کے شواہد مزید مضبوط ہوئے۔ انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (IBMS) سے تصدیق کے دوران بھی مسافر کے مبینہ یو اے ای ریزیڈنس سے متعلق کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے یہ ویزا متحدہ عرب امارات میں موجود ایک ایجنٹ کے ذریعے حاصل کیا، تاہم اس نے ایجنٹ کی شناخت یا دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ایف آئی اے کے مطابق دورانِ تفتیش مسافر نے مکمل تعاون بھی نہیں کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافر نے خود کو وکیل ظاہر کرتے ہوئے سندھ بار کونسل کا جاری کردہ ایڈووکیٹ شناختی کارڈ بھی پیش کیا، جسے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق دستیاب شواہد کی بنیاد پر مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملہ مزید قانونی کارروائی، ویزے کی تصدیق، مبینہ ایجنٹ کی شناخت اور جعلی سفری دستاویزات سے متعلق ممکنہ نیٹ ورک کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے جعلی ویزوں، جعلی سفری دستاویزات، امیگریشن فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔