اسٹیٹ بینک آج شرح سود سے متعلق فیصلہ کرے گا، مہنگائی اور معاشی اشاریوں کا جائزہ لیا جائے گا
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں آئندہ ڈیڑھ ماہ کے لیے شرح سود کے تعین سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران ملک میں افراطِ زر کی صورتحال، معاشی سرگرمیوں اور دیگر اہم مالیاتی اشاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ شرح سود برقرار رکھنے یا اس میں ردوبدل کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ مانیٹری پالیسی جائزوں میں شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھی گئی تھی۔
اجلاس کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک پریس بریفنگ میں فیصلے اور اس کے پس منظر سے متعلق تفصیلات پیش کریں گے۔
کاروباری حلقوں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی شعبے کی نظریں اس فیصلے پر مرکوز ہیں، کیونکہ شرح سود میں تبدیلی قرضوں کی لاگت، کاروباری سرمایہ کاری اور مہنگائی کی صورتحال پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
