پشاور: آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کی گئی۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عزم استحکام وژن کے تحت جاری کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے آپریشن میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
