پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کو اپنا سیاسی طرزِ عمل تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمت عملی جاری رہی تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید مزید طویل ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق عمران خان قید کے عرصے میں سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی آگے نکل سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات بدلتے رہتے ہیں اور جیل میں موجود سیاست دان بھی مستقبل میں اقتدار میں آسکتے ہیں، تاہم تحریک انصاف کو انتہا پسندانہ سیاست اور سیاسی بائیکاٹ کی روش ترک کرنا ہوگی۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وفاقی حکومت چند روز قبل صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی، تاہم گورنر راج آخری راستہ ہوگا۔
نئے صوبے کے مطالبے پر ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جو جماعت یونین کونسل کی ایک نشست بھی حاصل نہیں کر سکتی، وہ الگ صوبہ بنانے کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزرا مصطفیٰ کمال اور محسن نقوی پر زور دیا کہ وہ مختلف شہروں کا دورہ کرکے عوام سے براہِ راست پوچھیں کہ آیا وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔
