اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ کے دوران عمران خان کے صاحبزادوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ شکایت کر دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بارش کے باعث لنچ بریک کے دوران اسکائی اسپورٹس نے عمران خان کے دونوں بیٹوں سے گفتگو نشر کی، جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم کی جیل میں موجودگی اور ان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
قاسم خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں اپنے والد کے حوالے سے صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں اور انہیں طویل عرصے تک قید رکھ کر ان کی آواز محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان کے وکلا اور اہل خانہ پہلے بھی جیل میں ان کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس سے اعتراض کیا، تاہم شکایت کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو کی نشریات رکوانے کی کوشش بھی کی تھی۔ معاملہ اس وقت مزید حساس ہوگیا جب انٹرویو نشر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے دوبارہ میدان میں آنے کے حوالے سے بھی اختلاف پیدا ہوا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے فریقین کے درمیان بات چیت کے ذریعے صورتحال کو قابو کیا، جس کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستانی حکام نے اس معاملے پر اپنی ناراضی سے برطانوی حکام کو بھی آگاہ کیا اور معاملہ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس تک پہنچایا گیا۔
اسکائی اسپورٹس نے پی سی بی کی شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم ادارے نے معاملے پر مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔
دوسری جانب پی سی بی نے ای سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل میں بھی شرکت کرے گی۔
