وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آج اپنے عظیم رہنما کی بصیرت افروز قیادت اور بے لوث قومی خدمات کو یاد کر رہی ہے۔
11 ستمبر 2026 کو قائداعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم بابائے قوم کی سیاسی بصیرت، حکمت عملی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح دنیا کے ان ممتاز رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے تاریخ کا رخ بدلتے ہوئے انتہائی نامساعد حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کے قیام کی راہ ہموار کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے اصول، جدوجہد اور قیادت آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعل راہ ہیں
