نوجوانوں کے لیے خصوصی پلان لا رہے ہیں ، وزیراعظم افتخار گیلانی
مظفرآباد ( ڈسٹرکٹ نیوز)
وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بیروزگاری کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرریے ہیں ۔ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی پلان لیکر آرہے ہیں۔ ایوان وزیراعظم میں نوجوان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ خطے کی معاشی ترقی کو بھی تیز کیا جا سکتا ہے۔ آئی ٹی سمیت جدید شعبوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، ہنر مندی کے فروغ اور انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔حکومت کاروباری سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریگی۔
