قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی، فلیش سیلاب اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 20 سے 24 جولائی تک دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وارننگ دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی شدید بارشوں اور مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے باعث 20 سے 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں فلیش سیلاب اور پہاڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی حصے میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور مریدکے کے مختلف ندی نالوں میں بھی فلیش سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالے بھی شدید بارشوں کے باعث خطرناک صورتحال اختیار کر سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر نوشہرہ اور قریبی علاقوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجکوڑہ، سوات اور چترال سمیت متعدد علاقوں میں بھی طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
خیبرپختونخوا کے اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، مالاکنڈ، شنگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارشوں اور فلیش سیلاب کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان کے ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، دیامر، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بھی فلیش سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، لاہور اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
مزید برآں، آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم اور پونچھ سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اور بلوچستان کے بعض پہاڑی علاقوں، خصوصاً ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں ہل ٹورنٹس اور فلیش سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں