ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کے معیار سے متعلق شکایات پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل تیز کردیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق 30 ستمبر سے 7 اکتوبر 2026 کے دوران مختلف شہروں میں 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 39، کراچی میں 17، سکھر میں 16، ملتان اور راولپنڈی میں 14، 14، کوئٹہ میں 8، ایبٹ آباد میں 4 اور گلگت میں 3 سائٹس کی جانچ کی گئی۔
معائنے کے دوران موبائل نیٹ ورک کی کوریج، کالز اور انٹرنیٹ کی رفتار، دورانِ گفتگو کال منقطع ہونے اور بجلی کی بندش کے دوران متبادل انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیموں نے صارفین کی شکایات اور موبائل ٹاورز میں موجود تکنیکی خامیوں کی بھی نشاندہی کی۔
پی ٹی اے کے مطابق متعلقہ موبائل آپریٹرز کو مسائل حل کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کمپنیوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔
