تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے منصب پر قائم ہیں اور اپنی آئینی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ اگر وہ کبھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا اعلان خود کریں گے، تاہم اس وقت ایسی کوئی صورتحال موجود نہیں۔ انہوں نے سپریم لیڈر کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر گمراہ کن اطلاعات پھیلا رہے ہیں تاکہ ملکی اتحاد کو نقصان پہنچایا جا سکے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام ادارے قومی مفاد کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی حکام بھی صدر کے استعفے سے متعلق خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق صدر پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی داخلی اور علاقائی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
