اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آزادی کے 79 سال مکمل کرچکا ہے اور یہ دن قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، تحریک آزادی کے رہنماؤں اور ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے جن کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، باوقار اور امن کی آواز کے طور پر اپنی شناخت بنا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں، ماہرین، سائنسدانوں، اساتذہ اور مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران حکومت نے مشکل معاشی حالات پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، جبکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں وطن کا دفاع کیا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے عزم، اتحاد اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار کی اہم مثال ہے۔
شہباز شریف نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم پر زور دیا کہ سیاسی و سماجی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملکی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔
انہوں نے شہداء، غازیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید عزت، ترقی اور کامیابی عطا فرمائے۔پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل کے تحفظ کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، وزیراعظم
