پشاور: پولیس مقابلے میں مطلوب ملزم ہلاک، اہلکار زخمی
پشاور: تھانہ کوتوالی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب ایک شخص ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اسنیچنگ کی اطلاع ملنے پر رائیڈر اسکواڈ اور دیگر اہلکار موقع پر پہنچے، جہاں مبینہ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران رائیڈر اسکواڈ کے اہلکار حیدر علی شاہ زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم ماصل عرف ماصلے، ولد شیر بہادر، سکنہ قاضی خیلان، اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص منشیات فروشی، اسلحہ ایکٹ، ڈکیتی اور دیگر جرائم سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
نوٹ: اس خبر میں ملزم کے جرائم، واقعے کی نوعیت اور ہلاکت سے متعلق تمام تفصیلات پولیس کے بیان پر مبنی ہیں۔ آزاد ذرائع یا عدالتی کارروائی کے ذریعے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوئی۔