لورالائی: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال
لورالائی(میاں محمدعامربشیرآرائیں) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی لورالائی کے وفد نے نعمت جلالزئی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) حسیب شجاع سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع لورالائی بالخصوص شہر اور گردونواح کو درپیش مختلف عوامی مسائل، پینے کے پانی کی شدید قلت، ٹریفک کے گھمبیر مسائل، صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر شہری مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ سے مؤثر اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) حسیب شجاع نے وفد کے مؤقف کو غور سے سنا اور انہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری مسائل کا بروقت ازالہ اور عوامی مشکلات میں کمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جائز عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیاسی و سماجی حلقوں، عوامی نمائندوں اور شہریوں کے ساتھ مسلسل رابطے کو اہمیت دیتی ہے تاکہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ طور پر عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی مفاد کے معاملات کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہری مسائل کے مؤثر ازالے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
