پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی بہنوں، نورین نیازی اور علیمہ خان کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں اور بیانات سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے انہیں انفرادی اقدامات قرار دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نورین نیازی کا حالیہ متنازع بیان ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے پارٹی کے مؤقف یا پالیسی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح علیمہ خان کی جانب سے عوامی رابطہ مہم اور اسٹریٹ موومنٹ میں سرگرم کردار کو بھی ان کا ذاتی اقدام قرار دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ احتجاج یا عوامی تحریک سے متعلق کسی بھی حتمی فیصلے کا اختیار صرف پارٹی قیادت کے پاس ہے، اور اس حوالے سے اندرونی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ان کے مطابق مستقبل کی حکمتِ عملی پارٹی کی باقاعدہ منظوری سے ہی طے کی جائے گی۔
پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ سیاسی فیصلے تنظیمی قیادت ہی کرے گی، جبکہ بانی چیئرمین کی فیملی کی سرگرمیوں کو ان کی ذاتی حیثیت میں دیکھا جائے گا، البتہ اہم معاملات پر خاندان سے مشاورت کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ نورین نیازی نے حال ہی میں ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران پاک فوج اور “معرکۂ حق” سے متعلق ایک بیان دیا تھا، جس کے بعد متعلقہ ادارے نے انہیں نوٹس جاری کیا۔ دوسری جانب علیمہ خان خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں شرکت کرتے ہوئے خطاب بھی کر چکی ہیں۔