پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی، سیاسی کمیٹی بنانے کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل بااختیار کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن کی سیاسی کمیٹیاں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں تو مسائل کے حل کی راہ نکل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہوگی، پی ٹی آئی کی جانب سے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم ایسی ٹیم تشکیل دیں جس میں بااختیار اور فیصلہ سازی کی صلاحیت رکھنے والے افراد شامل ہوں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ شخصیات سے رابطے جاری ہیں اور حالیہ واقعات کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف پہنچایا جاچکا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صورتحال کو مزید کشیدہ کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کا ارادہ نہیں رکھتی، تاہم پارلیمنٹ، سینیٹ اور دیگر فورمز پر مؤقف پیش کرنے کے باوجود شنوائی نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا۔
