اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین سے چار چینی شہریوں کے اغوا کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چار ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے چینی شہریوں کو تاوان کے لیے اغوا کیا اور رقم بٹ کوائن کے ذریعے طلب کی تھی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا، جبکہ ملزمان ایک ایسے گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جو مالی فائدے کے لیے اغوا کی وارداتوں میں ملوث ہے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔ مقدمہ تھانہ شالیمار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہے۔
