ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز)عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کا منرل واٹر ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف اچانک کریک ڈائون۔ تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر حامد صدیق نے واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کی ٹیم کے ہمراہ منرل واٹر ڈسٹری بیوٹرز کے مراکز پر اچانک چھاپے مارے اور مارکیٹ میں فراہم کیے جانے والے بوتل بند پانی کے معیار کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر کو شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ مارکیٹ میں دستیاب بعض بوتل بند پانی کے معیار پر تحفظات ہیں اور غیر معیاری پانی کی فراہمی کا خدشہ ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹری بیوشن مراکز اور مارکیٹ سے پانی کے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ کی گئی۔ گوداموں میں موجود پانی کے نمونوں کے نتائج تسلی بخش پائے گئے، جبکہ مارکیٹ سے حاصل کیے گئے بعض نمونوں کے نتائج اطمینان بخش نہیں تھے۔ مذکورہ نمونے مزید بائیولوجیکل اور دیگر ضروری ٹیسٹوں کے لیے پشاور کی متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جن کے رزلٹ آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ غیر تسلی بخش رزلٹ کی صورت میں متعلقہ کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔مزید برآں، کمپنی کے متعلقہ حکام کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ پانی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوام کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ حتمی لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں مزید ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
