اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے مون سون کے فعال سسٹم کے باعث کراچی سمیت جنوبی اور وسطی پاکستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر تک سندھ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق 24 سے 28 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، خیرپور اور ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
اسی طرح پنجاب میں 24 سے 26 جولائی کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، رحیم یار خان اور وسطی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ تیز ہواؤں، آندھی اور آسمانی بجلی کے سبب کمزور عمارتوں، کچے ڈھانچوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے