میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کویت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجود دفاعی تعاون کے ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی نوعیت کے شراکتی فریم ورک پر غور کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جن شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز زیرِ غور ہے، ان میں فوجی تربیت، مشترکہ عسکری مشقیں، دفاعی مہارت اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ، اعلیٰ سطحی فوجی وفود کے دورے اور دفاعی و سلامتی کے امور میں قریبی رابطہ شامل ہیں۔
پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون پہلے ہی موجود ہے، تاہم رپورٹس کے مطابق کویت اس شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ اسے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دفاعی تعاون کے طرز پر استوار کیا جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق فی الحال دونوں ممالک کی جانب سے کسی نئے دفاعی معاہدے یا مخصوص منصوبے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، البتہ دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے
