گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے سات دہشت گرد ہلاک
گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو ممکنہ دھماکا خیز مواد سے محفوظ بنانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ روز ایک تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ ستائش ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقیاتی سرگرمیوں اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنس مکمل ہونے تک علاقے میں حفاظتی اقدامات اور سرچ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
