ہنگری میں قبر کھودنے کا انوکھا مقابلہ، 38 افراد کی شرکت
نائرگیشوئےفالو: ہنگری میں قبرستان کے اندر ایک غیر معمولی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جہاں شرکا نے مقررہ معیار کے مطابق قبر تیار کرنے کے لیے وقت کے ساتھ مقابلہ کیا۔
شمالی ہنگری کے شہر نائرگیشوئےفالو کے ایک سرکاری قبرستان میں ہونے والے اس مقابلے میں 19 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم میں دو افراد شامل تھے، یوں مجموعی طور پر 38 افراد اس منفرد مقابلے کا حصہ بنے۔
مقابلے کے دوران شدید گرمی نے شرکا کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ گرمی کے باعث زمین خشک اور سخت ہوچکی تھی، جس کی وجہ سے مٹی کھودنا آسان کام نہیں تھا۔ اس کے باوجود تمام ٹیموں نے مقررہ معیار کے مطابق قبر مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی۔
اس مقابلے میں صرف یہ نہیں دیکھا گیا کہ کون سی ٹیم سب سے پہلے کام مکمل کرتی ہے، بلکہ قبر کی درست پیمائش، گہرائی اور مجموعی صفائی و نفاست بھی کامیابی کے لیے اہم قرار دی گئی۔
مقابلے میں رابرٹ ناگی اور لازلو کِش پر مشتمل ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ دونوں نے مقررہ قبر صرف ایک گھنٹہ 21 منٹ میں مکمل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
قواعد کے تحت تیار کی جانے والی قبر کی گہرائی 1.6 میٹر، لمبائی 2 میٹر جبکہ چوڑائی 0.8 میٹر مقرر کی گئی تھی۔
فاتح ٹیم کو کامیابی پر 2 لاکھ ہنگری فورنٹ انعام دیا گیا، جو تقریباً 640 امریکی ڈالر کے برابر بنتے ہیں۔
فاتح رابرٹ ناگی کا کہنا تھا کہ قبر کھودنے کے مقابلے میں تیزی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن حقیقی تدفین کے دوران قبر کا درست سائز، مناسب گہرائی اور صاف ستھرا کام زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
یہ منفرد مقابلہ قبرستان میں کام کرنے والے افراد کی عملی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔
