اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور معرکۂ حق کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگارِ فتح کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ملک کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف تقریب کے مہمانانِ خصوصی تھے، جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے کی دھن سے ہوا، جبکہ اس موقع پر ’’داستانِ عشقِ وطن: معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے شاندار لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو پیش کیا گیا۔ پروجیکشن میپنگ کے ذریعے یادگار پر مختلف مناظر بھی دکھائے گئے۔
تقریب میں ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں یادگار کی تعمیر کے آٹھ ماہ کے سفر اور اس میں شامل ٹیم کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا۔
یادگار کے ڈیزائن میں پانچ محرابیں شامل ہیں، جو اسلام کے پانچ ارکان اور پاکستان کے پانچ اہم ستونوں کی علامت قرار دی گئی ہیں۔ یادگار میں پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ سمیت سائبر اور خلائی دفاع کی نمائندگی بھی کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضائی مظاہرہ کیا، جبکہ اختتام پر صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پرچم کشائی کی۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خواتین کے سروں پر دستِ شفقت رکھنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
