یوفا اور کونکاکاف کا فیفا سے ہر رکن ایسوسی ایشن کو ایک کروڑ ڈالر دینے کا مطالبہ
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوفا اور شمالی و وسطی امریکا و کیریبین کی فٹبال تنظیم کونکاکاف نے فیفا کے صدر جانی انفانٹینو سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فٹبال ادارہ اپنے مالی ذخائر میں سے ہر رکن فٹبال ایسوسی ایشن کو کم از کم ایک کروڑ ڈالر فراہم کرے۔
یوفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین اور کونکاکاف کے سربراہ وکٹر مونٹاگلیانی کی جانب سے فیفا صدر کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 2023 سے 2026 کے مالی دور کے اختتام پر فیفا کے ذخائر تقریباً 6 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ مالی ذخائر 2030 کے ورلڈ کپ تک فیفا کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی سے زیادہ ہوں گے۔ دونوں عہدیداروں نے تجویز دی کہ 2027 سے 2030 کے دوران فیفا کی تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کو کم از کم 10 ملین ڈالر فی کس فراہم کیے جائیں۔
یوفا اور کونکاکاف کے مطابق یہ رقم فٹبال کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ تمام رکن ایسوسی ایشنز کو ایک مرتبہ رقم فراہم کرنے کی صورت میں فیفا کو مجموعی طور پر تقریباً 2.11 ارب ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔
یہ مطالبہ فیفا کے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ قومی فٹبال ایسوسی ایشنز کی جانب سے مخالفت کے بعد مذکورہ منصوبہ واپس لے لیا گیا تھا۔
یوفا اور کونکاکاف نے فیفا کے مالی معاملات کا آزادانہ جائزہ لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ ادارے کے مالی ذخائر اور ان کے استعمال سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔
دوسری جانب انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی چیئر ڈیبی ہیوٹ نے بھی فیفا سے فارورڈ انٹرپرائز منصوبے سے متعلق تمام دستاویزات منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
